Communities and Justice

Sexual consent in Urdu

اگر آپ یا آپ کے کسی واقف کے لیے فوری خطرہ ہو تو ٹریپل زیرو (000) پر پولیس کو کال کریں۔


نیو ساؤتھ ویلز میں رضامندی کے قوانین

رضامندی نیو ساؤتھ ویلز میں جنسی جرائم کے متعلق قانون کا ایک بنیادی حصہ ہے۔ جنسی جرم تب واقع ہوتا ہے جب کسی شخص نے جنسی فعل، جس میں ہم بستری یا جنسی انداز میں چھوئے جانا بھی شامل ہے، کے لیے رضامندی نہ دی ہو۔

اس صورت میں ایک شخص جنسی سرگرمی کے لیے رضامندی دیتا ہے کہ جنسی سرگرمی کے وقت وہ آزادانہ طور پر اور اپنی مرضی سے جنسی سرگرمی کے لیے اتفاق کرے۔

ہر بار رضامندی موجود ہونا ضروری ہے جس میں جنسی فعل کے تمام وقت رضامندی موجود ہونا بھی شامل ہے۔ ایک حرکت کے لیے رضامندی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کسی دوسری حرکت کے لیے بھی رضامندی دی گئی ہے۔ ایک شخص کے ساتھ کسی جنسی حرکت کے لیے رضامندی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ایک مختلف شخص کے ساتھ جنسی حرکت کے لیے یا اسی شخص کے ساتھ کسی مختلف موقع پر جنسی فعل کے لیے بھی رضامندی دی گئی ہے۔ رضامندی کسی بھی وقت واپس لی جا سکتی ہے۔

یہ ضروری ہے کہ رضامندی ظاہر کرنے کے لیے ایک شخص نے کچھ کہا یا کیا ہو۔ رضامندی الفاظ یا جسمانی اظہار کے ذریعے ظاہر کی جا سکتی ہے۔

قانون تسلیم کرتا ہے کہ کچھ حالات میں رضامندی موجود نہیں ہوتی جس میں یہ شامل ہے کہ ایک شخص:

  • بیہوش ہو
  • سویا ہوا ہو
  • منشّیات اور شراب سے اس قدر متاثر ہو کہ وہ رضامندی دینے کے قابل نہ ہو
  • طاقت کے استعمال، یا طاقت کے استعمال کے خوف، یا خود کو یا کسی اور کو سنگین نقصان پہنچنے کے خوف کی وجہ سے جنسی سرگرمی میں شریک ہو یا اس شخص کو رضامندی دینے کے لیے دھمکایا یا مجبور کیا گیا ہو
  • کو سنگین دھوکے بازی کے ذریعے جنسی فعل میں شریک ہونے کے لیے چکمہ دیا گیا ہو یا وہ، مثال کے طور پر، عقلی نقص کی وجہ سے رضامندی دینے کے قابل نہ ہو۔

جنسی جرائم کے سبب کریمینل (فوجداری) مقدمے میں استغاثہ کو معقول شک سے بڑھ کر ثابت کرنا پڑتا ہے کہ مدعی نے جنسی سرگرمی کے لیے رضامندی نہیں دی تھی اور ملزم جانتا تھا کہ رضامندی موجود نہیں ہے۔ ان صورتوں میں ملزم کو رضامندی موجود نہ ہونے سے آگاہ سمجھا جاتا ہے کہ:

  • وہ حقیقتاً جانتا تھا کہ رضامندی موجود نہیں ہے
  • وہ رضامندی کے معاملے میں بے پروا تھا
  • ان حالات میں ملزم کا یہ سمجھنا معقول نہیں تھا کہ دوسرے شخص نے رضامندی دی ہے۔

اگر ملزم نے جنسی سرگرمی سے پہلے یا اس سرگرمی کے وقت معقول وقت کے اندر یہ معلوم کرنے کے لیے کچھ نہیں کہا یا کیا تھا کہ آیا دوسرا شخص رضامندی دے رہا ہے یا نہیں تو رضامندی موجود ہونے کا خیال معقول نہیں ہے۔ اگر ملزم کو ذہنی صحت کا کوئی بڑا نقص یا عقلی نقص پیش ہو تو اس تقاضے سے استثنا پایا جاتا ہے۔

رضامندی کے متعلق نئے قوانین 1 جون 2022 کو نافذ ہوئے۔ جنسی جرائم کے حوالے سے رضامندی کا معاملہ اب Crimes Act 1900 کے پارٹ 3، ڈویژن 10، سب ڈویژن 1A کے تحت آتا ہے۔ یہ نئی سب ڈویژن 'جنسی حرکت'، 'جنسی انداز میں چھونے' اور 'جنسی حملے' کے جرائم (اور ان کی سنگین صورتوں) کے لیے اطلاق پاتی ہے۔

یہ یقینی بنانا کہ آپ کو دوسرے شخص کی رضامندی حاصل ہے، اظہار کرنے اور اظہار کو سمجھنے کا مسلسل عمل ہے۔ نیو ساؤتھ ویلز حکومت کی مہم کوئی شک نہ رکھیں  جنسی فعل کے لیے رضامندی کے متعلق مثبت بات چیت کی ترغیب دیتی ہے۔

اگر آپ یا آپ کے کسی واقف کو جنسی تشدّد کا سامنا ہوا ہے تو مدد دستیاب ہے۔

اگر آپ کو زبانی مترجم یا تحریری ترجمے کی ضرورت ہو تو 131 450 پر تحریری اور زبانی ترجمے کی سروس  
( TIS National) کو فون کریں۔ اس سروس کے لیے کوئی معاوضہ نہیں لیا جاتا۔

1800RESPECT

1800 737 732 پر کال کریں۔

1800RESPECT جنسی تشدّد سے متاثر ہونے والے لوگوں کو ہفتے کے ساتوں دن، 24 گھنٹے مدد فراہم کرتی ہے جس میں حفاظتی منصوبہ بندی، کاؤنسلنگ (ماہرانہ مشورہ)، معلومات اور ریفرل (مدد کے لیے رابطے کروانا) شامل ہے۔


NSW Sexual Violence Helpline (نیو ساؤتھ ویلز میں جنسی تشدّد کے لیے امدادی فون لائن)

1800 424 017 پر کال کریں۔

NSW Sexual Violence Helpline نیو ساؤتھ ویلز میں جنسی حملے سے متاثر ہونے والے لوگوں (اور ان کے دوستوں، گھرانوں اور مددگاروں) کے لیے ہفتے کے ساتوں دن، 24 گھنٹے مدد فراہم کرتی ہے۔


Immigrant Women's Speakout Association

(02) 9635 8022 پر کال کریں۔

یہ ایسوسی ایشن نیو ساؤتھ ویلز میں تارک وطن اور پناہ گزین خواتین کے لیے معلومات اور ریفرل فراہم کرتی ہے۔

اگر آپ سماعت سے محروم ہیں یا اونچا سنتے ہیں تو 1300 555 727 پر  National Relay Serviceکو کال کریں۔

Last updated:

30 Jun 2022